روزنامہ جسارت کے سینئر رپورٹرمحمد انورکو سپردخاک کردیاگیا

129
senior reporter of Jasarat daily, was buried

کراچی (رپورٹ:منیر عقیل انصاری) کراچی پریس کلب کے سینئر رکن اور روزنامہ جسارت کراچی کے سابق سینئر رپورٹر اور بلدیاتی امور کے ماہر صحافی محمد انور کو اسماعیل گوٹھ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔

محمد انور مرحوم کو2005میں فالج کا اٹیک ہوا تھا جبکہ وہ گزشتہ دو ہفتے سے شدیدعلیل تھے اور قومی ادارہ برائے امراضِ قلب( این آئی سی وی ڈی ) میں وینٹی لیٹر پر تھے، بدھ کی شب خالق حقیقی سے جاملے۔ مرحوم کی نماز جنازہ بدھ کے روز بعد نماز ظہر دارارقم مسجد لانڈھی نمبر 1 چھوٹی مارکیٹ میں ادا کی گئی جبکہ تدفین اسماعیل گوٹھ قبرستان لانڈھی میں کی گئی۔

محمد انورکی نمازہ جنازہ میں لانڈھی ٹاؤن کے چیئرمین عبدالجلیل ،کراچی پریس کلب کے سیکرٹری سہیل افضل خان، کراچی یو نین آف جرنلسٹس دستور کے سابق صدور طارق ابو الحسن، خلیل ناصر، سینئر صحافیوں مظفر اعجاز، مسعود انور، نصر اللہ چوہدری، جماعت اسلامی کراچی کے سیکرٹری اطلاعات سید زاہد عسکری، الخدمت فاؤنڈیشن کے اعجاز اللہ خان سمیت مرحوم کے عزیز و اقارب، سیاسی، مذہبی و سماجی شخصیات اور مرحوم کے عزیز و اقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مرحوم نے بیوی، دو بیٹوں اور ایک بیٹی کو سوگوار چھوڑا ہے۔

دریں اثنا جسارت کے چیف ایڈیٹر شاہنواز فاروقی، سی ای او ڈاکٹر عبدالواسع، سی او او سید طاہر اکبر اور کارکنان جسارت نے محمد انور کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے بھی سینئر صحافی محمد انور کے انتقال پر دلی دکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے ایک طویل عرصے تک بلدیاتی رپورٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور حقیقی معنوں میں کراچی کے مسائل کو اجاگر کیا، انہوں نے اپنے کالم نگاری کے ذریعے بھی کراچی کے حوالے سے خدمات انجام دیں۔ وہ سچے، نڈر اور بے باک صحافی تھے، ان کی خدمات کو یادرکھا جائے گا، انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ محمد انور کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔

گلوبل عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن اور ایپی لیپسی فاؤنڈیشن کی صدر ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اور عافیہ موومنٹ کے ترجمان محمد ایوب نے روزنامہ جسارت کراچی کے سابقہ رپورٹر، کالم نویس اور بلدیاتی امور کے ماہر سینئر صحافی محمد انور کی وفات پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم محمد انور ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی جدوجہد میں اپنے قلم و تحریر سے حصہ ڈالتے رہے ہیں، اللہ تعالیٰ ان کی کاوشوں کو قبول فرمائے۔ انہوں نے محمد انور کی مغفرت، درجات کی بلندی اور تمام لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

مزید برآں کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی ، سیکرٹری سہیل افضل خان اور مجلس عاملہ نے محمد انور کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں محمد انور کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔