افغانستان میں امریکی اسلحہ پاکستان کے خلاف استعمال ہونا تشویشناک ہے، دفتر خارجہ

113
avoid traveling to Syria, Foreign Office

اسلام آباد:دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں امریکی اسلحہ پاکستان کے خلاف استعمال ہونا تشویشناک ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ امریکا کا افغانستان میں چھوڑا گیا اسلحہ پاکستان اور پاکستانیوں کے خلاف ہونا انتہائی تشویش کا سبب بن رہا ہے۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان میں ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی فوج کا اگست 2021ء میں افغانستان سے جاتے وقت اسلحہ چھوڑ دینا، جن میں جدید ہتھیار بھی شامل ہیں، پاکستان اور پاکستانیوں کے لیے خطرناک ثابت ہو رہا ہے، جو کہ باعث تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کا چھوڑا ہوا یہ جدید اسلحہ دہشت گرد عناصر جن میں ٹی ٹی پی بھی شامل ہے، کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردانہ حملوں  کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اس حوالے سے کابل میں افغان حکام سے بارہا مطالبہ کیا جا چکا ہے کہ وہ افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکیں اور ساتھ ہی امریکی چھوڑا گیا اسلحہ بھی غلط ہاتھوں میں جانے سے روکنے کے اقدامات کریں۔