بھارت: مفت موبائل فون کے لالچ میں آئی ٹی ماہر 9 کروڑ روپے سے محروم

228

بھارتی انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے ماہر نے مفت موبائل فون کی پیشکش پر 9 کروڑ روپے سے زیادہ کا نقصان اُٹھا لیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلورو کے رہائشی اس 60 سالہ آئی ٹی ماہر کو ایک شخص نے سم کارڈ خریدنے کے بدلے مفت اسمارٹ فون دینے کی آفر کی تھی، جسے اس نے بآسانی قبول کر لیا۔ 

اس کے بعد اس شخص کو اس موبائل فون میں موجود میلویئر وائرس کے ذریعے 2 کروڑ 80 لاکھ بھارتی روپے (جو پاکستانی کرنسی میں 9 کروڑ روپے سے زیادہ بنتا ہے) کا نقصان ہو گیا۔

یہ واقعہ بھارتی شہر بنگلورو میں پیش آیا، جہاں متاثرہ شخص کو ایک فون کال کے ذریعے بتایا گیا کہ اگر وہ سم کارڈ خریدے گا تو اسے ایک اسمارٹ فون مفت دیا جائے گا۔ متاثرہ شخص نے آفر قبول کی اور سم خرید لی، مگر اس کے بعد جو موبائل فون اس کو دیا گیا، اس میں خطرناک وائرس موجود تھا۔

یہ میلویئر وائرس فون اور اس سے جڑی دیگر اہم معلومات تک ہیکرز کی رسائی فراہم کرتا ہے، اور اس کے ذریعے فراڈیوں نے اس کے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کی اور 2 کروڑ 80 لاکھ روپے چرا لیے۔

یہ حقیقت اس شخص کو اس وقت پتا چلی جب اسے اپنے بینک سے فون کال موصول ہوئی اور اُسے اس بات کا علم ہوا کہ وہ فراڈ کا شکار ہو چکا ہے۔