بچوں کے اغوا ہونے کی وارداتوں سے شہری خوفزدہ ہیں‘شبیرحسن

68

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی کا کہنا ہے کہ شہر کراچی میں بچوں کے اغوا ہونے کی وارداتوں نے شہریوں کو بالخصوص والدین کو خوف وہراس میں مبتلا کر دیا ہے روزانہ کی بنیاد پر شہر کراچی کے مختلف علاقوں سے بچوں کے اغوا ہونے کی خبریں اب بڑھتی چلی جا رہی ہیں کون سے عوامل اور کون سا مافیا اس کام کے پیچھے ملوث ہے ابھی تک شہری اس بات سے بے خبر ہیں حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس کام میں ملوث گروہوں کو گرفتار کر کے منظر عام پر لائیں اور بچوں کے اغوا میں ملوث جو بھی عناصر ہیں ان کو سزا دی جائے ہم حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ جلد از جلد کراچی میں اغوا ہونے والے بچوں کو بازیاب کرایا جائے اور شہر کراچی میں اس خوف کو ختم کیا جائے شہر کراچی جو کبھی روشنیوں کا شہر ہوا کرتا تھا آج اس شہر میں لوگ مختلف پریشانیوں کا سامنا کرتے ہوئے ذہنی اذیت کا شکار بنے ہوئے ہیں شہریوں کو اگر اس اذیت سے کوئی نکال سکتا ہے تو وہ صرف اور صرف ریاست ہے۔