کراچی (جسارت نیوز) مرکزی میلاد الائنس پاکستان کے بانی و چیف آرگنائزر، مرکزی انجمن سیرت النبی ﷺ گلبہار کے تاحیات چیئرمین اور ممتاز قومی و سماجی رہنما محمد سلیم خان قادری ترابی نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شب معراج النبی ﷺ کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کرے۔ انہوں نے کہا کہ صرف اسکولوں کے لیے تعطیل کا اعلان کافی نہیں ہے، کیونکہ شب معراج کی اہمیت تمام مسلمانوں کے لیے یکساں ہے اور یہ دن ان کے مذہبی جذبات سے گہرا تعلق رکھتا ہے۔محمد سلیم خان قادری ترابی نے اپنے بیان میں کہا کہ شب معراج النبی ﷺ ہر مسلمان کے لیے ایک مقدس رات ہے، جب اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب حضرت محمد ﷺ کو آسمانوں کی طرف معراج عطا کی۔ محمد سلیم خان قادری ترابی نے اس بات پر زور دیا کہ یہ دن تمام مسلم کمیونٹی کے لیے ایک اہم موقع ہے اور حکومت کو اس دن کو پورے شہر میں باوقار انداز میں منانے کے لیے ضروری انتظامات کرنے چاہییں۔انہوں نے حکومتی اداروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ”شب معراج کے موقع پر مساجد، مدارس، خانقاہوں اور آستانوں کے اطراف صفائی، روشنی اور دیگر ضروری انتظامات کی کمی ہے۔ اس کے علاوہ، چراغاں اور محفل نعت و درود کی تیاریوں کے دوران بجلی کی فراہمی میں خلل آتا ہے، جو کہ عوام کی مشکلات میں اضافہ کرتا ہے۔محمد سلیم خان قادری ترابی نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام کے جذبات کا احترام کرے اور اس دن کے حوالے سے مناسب انتظامات کرے۔ ”پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو محافل معراج النبی ﷺ کے لیے این او سی (اجازت نامے) فوری طور پر جاری کرنے چاہئیں اور اجتماعات کے لیے حفاظتی انتظامات کیے جائیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔