کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکرٹری فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ 8 فروری کو ہمارا مینڈیٹ چوری ہوا عوام نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا ،ورکرز کو متحد رہنا ہے عمران خان جلد آپ کے درمیان ہوں گے۔ ملیر میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ 8 فروری کوعمران خان کو لوگوں نے بھر بھر کر ووٹ دیا ،عوام نے 8 فروری کو فیصلہ کرلیا تھا کہ عمران خان کو لانا ہے ،کسی نے بینگن کو ووٹ دیا کسی نے P کو ووٹ دیا لیکن ووٹ عمران خان کو دیا۔ فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ ہم سب جذبہ جہاد کے ساتھ نکلے ہیں ہم یہ جہاد کرتے رہیں گے ،ہمارے ساتھ ہمارا رب ہے ،پہلے ٹانگیں کانپتی تھیں اب انہیں ٹانگنا ہے ،اس کے لیے ہتھیار نہیں چاہییں اس کے لیے جذبہ چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ فردوس کو کوئی نہیں جانتا عمران خان کو سب جانتے اور چاہتے ہیں ۔