اسلام آباد: وفاقی وزیردفاع خواجہ آصف کاکہنا ہے کہ تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کا مقصد مذاکرات نہیں، صرف ایک شخص کو ریلیف دلانا ہے، پی ٹی آئی کی لیڈر شپ ایک دوسرے کی گردن کاٹنے کے چکرمیں ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کو کوئی نظریہ نہیں ہے، صرف اپنے مفادات سمیٹنے کے لیے یہ لوگ ایک جگہ جمع ہوگئے ہیں، ملک کا امن تباہ کرنے کے لیے ان لوگوں نے 3 بار وفاقی دارالحکومت پر حملہ کیا۔
انہوں نے مزید کہاکہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت خیبرپختونخواہ (کے پی کے ) اپنی بنیادی ذمہ داری پوری نہیں کررہی ہے، پاراچنار اور کرم کے لوگوں کو ریلیف ملنا چاہیے، لیکن یہ لوگ عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے بجائے اپنی سہولیات کے لیے راستے صاف کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی مشروط مذاکرات چاہتی ہے، اس طرح کے مذاکرات ہمیشہ ناکام ہو جاتے ہیں، پی ٹی آئی کا مذاکرات ختم کرنے کا فیصلہ ”غیر متوقع“ نہیں تھا کیونکہ پی ٹی آئی کسی مسئلے کو حل کرنے پر کام نہیں کر رہی بلکہ ریلیف کی تلاش میں ہے۔