رپورٹ :سید مسرت خلیل سعودی عرب کے ساحلی شہر الجبیل میں عریبین گلف انٹرنیشنل اسکول کے زیر اہتمام یوم اردو بیاد علامہ اقبال کے حوالے سے عظیم الشان مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان سمیت ہندوستان کے شعرا اور کمیونٹی نے بھر پور شرکت کرکے شعری محفل سے خوب لطف اندوز ہوئے۔ الجبیل سے عابد شمعون چاند کے مطابق مشاعرہ سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی انیس الدین نے کہا کہ مشاعرے اور ادبی تقاریب ہماری زبان اور ثقافت کے فروغ کا ایک اہم ذریعہ ہیں مشاعروں نے تہذیبی اور ثقافتی روابط کو استحکام بخشنے اور لوگوں کو آپس میں ملنے جلنے کا ایک خوبصورت موقع فراہم کیا۔ مہمان خصوصی نے خوبصورت مشاعرہ منعقد کرنے پرعریبین گلف انٹرنیشنل اسکول کی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میزبان ڈائریکٹر سکول پرویز اختر کا کہنا تھا کہ آج بھی علم ، ادب ، اور تہذیب و ثقافت کو فروغ دینے کے باب میں مشاعرے کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ ملک پرویز اختر نے مزید کہا کہ اردو ادب کو فروغ دینے کے لیے پاک و ہند کے شعراء کا کلیدی کردار رہا ہے۔ تقریب میں ہندوستان کے معروف شاعر نعیم جاوید کی شگفتہ اور مزاحیہ کتاب ( بچپن کی بادشاہت ) کی رونمائی بھی کی گئی جس پرحاضرین نے خوبصورت تبصرے اور تجزیے پیش کئے۔ تقریب میں نعیم جاوید ، اسلم بدرِ، یوسف شیخ ، باقر نقوی ، آصف خان ، نعیم نیازی ، ابو شارق ، وحید لطیف ، انیس بخش ، لطیف اللہ ، یونس سعید ، چوہدری آفتاب جاوید ، ریاض عارف ، اسرار احمد ، ڈاکٹر ثقلین ، راجہ نوید، زبیرچوہدری اوردیگر نے اپنا اپنا کلام سنا کر حاضرین کو خوب محظوظ کیا اور داد وصول کی۔