سہ ملکی کرکٹ سیریز کا شیڈول جاری، پہلا میچ 8 فروری کو ہوگا

141

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان ہونے والی سہ ملکی سیریز کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

یہ سیریز 8 تا 14 فروری سنگل لیگ فارمیٹ میں کھیلی جائے گی، جس میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم اور کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میچز کی میزبانی کریں گے۔

سیریز کا شیڈول

پہلا میچ پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ 8 فروری ہفتے کے روز دوپہر 2 بجے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔

دوسرا میچ نیوزی لینڈ بمقابلہ جنوبی افریقا 10 فروری پیر کے روز صبح 9:30 بجے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔

تیسرا میچ پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقا12 فروری بدھ کے روز دوپہر 2 بجے نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا۔

فائنل میچ 14 فروری جمعہ کے روز دوپہر 2 بجے نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

پی سی بی کی جانب سے قذافی اور نیشنل بینک اسٹیڈیم میں شائقین کے لیے جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جدید ایل ای ڈی لائٹس اور ڈیجیٹل ری پلے اسکرینز نصب کی گئی ہیں۔ تماشائیوں کے آرام کے لیے نئی کرسیاں لگائی گئی ہیں جب کہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے ہاسپٹلیٹی انکلوژرز شامل کیے گئے ہیں۔

یہ سیریز پاکستان کرکٹ کے لیے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی2025 کی تیاریوں کا بہترین موقع ہوگی اور شائقین کو جدید اسٹیڈیمز کے منفرد تجربے سے لطف اندوز ہونے کا موقع بھی ملے گا۔