اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 26 ویں آئینی ترمیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے اپنے وکیل سمیر کھوسہ کے ذریعے سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی، جس میں اس ترمیم کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پارلیمنٹ آئین کے بنیادی اصولوں کو تبدیل نہیں کر سکتی، کیونکہ عدلیہ کی آزادی آئین کا لازمی حصہ ہے، اور اس آزادی کے خلاف کوئی بھی ترمیم آئین سے متصادم ہے۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم اختیارات کی تقسیم کے آئینی اصولوں کے خلاف ہے۔
اس کے علاوہ پی ٹی آئی نے عدالت سے یہ درخواست بھی کی ہے کہ جب تک 26 ویں آئینی ترمیم پر فیصلہ نہیں آجاتا، جوڈیشل کمیشن کو ججز کی تعیناتی سے روکا جائے۔
واضح رہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف اب تک سپریم کورٹ میں 15 درخواستیں دائر ہو چکی ہیں۔