ملتان ٹیسٹ:ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرے میچ میں پاکستان ٹیم 154 رنز پر ڈھیر

164

ملتان:پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ملتان میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن مایوس کن ثابت ہوئی اور ٹیم صرف 154 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

میچ  میں ویسٹ انڈیز کو پہلی اننگز میں 9 رنز کی برتری حاصل ہو گئی اور وہ کل اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرے گا۔

دوسرے اہم  میچ میں پاکستانی بیٹر ایک کے بعد ایک پویلین لوٹتے گئے۔ کپتان شان مسعود 15، کامران غلام 16، محمد ہریرہ 9 اور بابر اعظم محض ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ پانچویں وکٹ کے لیے سعود شکیل اور محمد رضوان نے 68 رنز کی شراکت قائم کی، لیکن سعود 32 اور رضوان 49 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

باقی کھلاڑیوں میں سے نعمان علی صفر، سلمان آغا 9، ابرار احمد 2 اور کاشف علی بھی بغیر کسی اسکور کے پویلین لوٹ گئے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومل واریکن نے 4، گڈاکیش موتی نے 3 اور کیمار روچ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے پہلے ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگز میں163 رنز پر آل آؤٹ ہو کر پاکستان کے اسپنرز کے سامنے مشکلات کا سامنا کیا۔ نعمان علی نے شاندار ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ساجد خان نے 2 وکٹیں اور ابرار احمد اور کاشف علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ویسٹ انڈیز کے کپتان کریگ براتھویٹ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور پاکستان کی مضبوط اسپن باؤلنگ کے سامنے ان کی ٹیم 163 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ کل ویسٹ انڈیز اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرے گا، جبکہ پاکستان کی ٹیم آج کی کارکردگی سے مکمل طور پر مایوس ہے۔