سائنسدانوں نے ماؤنٹ ایورسٹ سے 100 گنا زیادہ لمبی 2چوٹیاں دریافت کی ہیں جو زمین کی سطح پر نہیں بلکہ سطح کے نیچے موجود ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ چوٹیاں افریقا اور بحر الکاہل کے درمیان واقع ہیں اور ان کی لمبائی تقریباً 1000 کلومیٹر ہے، جو ماؤنٹ ایورسٹ کی 8.8 کلومیٹر کی اونچائی سے کہیں زیادہ ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ یہ چوٹیاں کم از کم 50 کروڑ سال پرانی ہیں اور ان کا بننا 4 ارب سال قبل شروع ہوا تھا۔ یہ اسٹرکچرز زمین کے مرکز اور اس کی اندرونی تہہ کے درمیان واقع سرحد کی نمائندگی کرتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق یہ چوٹیاں افریقا اور بحر الکاہل کے نیچے زیرزمین موجود ہیں اور ان کے گرد ٹیکٹونک پلیٹس کا قبرستان بھی پایا گیا ہے۔ دہائیوں سے سائنسدانوں کو یہ علم تھا کہ زمین کی سطح کے نیچے بڑے اسٹرکچرز چھپے ہوئے ہیں، لیکن اب اس کی تصدیق زلزلوں کی لہروں کے تجزیے سے ہوئی ہے۔
محققین نے زلزلوں کی لہروں کو ان چوٹیوں کے قریب سست ہوتے دیکھا اور اسی تجزیے کے ذریعے ان چوٹیوں کو دریافت کیا گیا ہے۔ یہ اسٹرکچرز اردگرد موجود ٹیکٹونک پلیٹس سے زیادہ گرم ہیں، جس نے ان کی اہمیت کو اور بھی بڑھا دیا ہے۔