امریکی طیارہ ساز ادارے بوئنگ کو گزشتہ برس کی چوتھی سہہ ماہی میں 3 ارب ڈالر کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ یہ خسارہ ہڑتالوں اور چھانٹیوں کے باعث واقع ہوا ہے۔ بوئنگ کو چھانٹی پر ملازمین کی طرف سے شدید احتجاج کا سامنا ہے۔
ہڑتالوں کے باعث بوئنگ کو مقبول ترین ماڈل کے طیارے بنانے میں غیر معمولی مشکلات کا سامنا ہے۔ بوئنگ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مالیاتی مشکلات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ معاملات الجھتے ہی جارہے ہیں۔ ملازمین کہتے ہیں کہ اُن کی تنخواہوں اور سہولتوں میں اضافہ کیا جائے جبکہ مہنگائی کہتی ہے کہ ایسا کچھ بھی فی الحال نہیں کیا جاسکتا۔
انتظامیہ کہتی ہے ادارے کو چلانے میں مالیاتی الجھنوں کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ چھانٹی کے بغیر گزارا نہیں اور ملازمین اس حوالے سے تعاون کرنے کو تیار نہیں۔ مسابقت بڑھ چکی ہے۔ کئی بڑے ادارے میدان میں ہیں۔ ایسے میں اگر ملازمین کی تعداد گھٹائی نہیں جائے گی اور اوور ہیڈ اخراجات کا گراف نیچے نہیں لایا جائے گا تو ادارے کی بقا کا سوال اٹھ کھڑا ہوگا۔