گسٹا اساتذہ کے حقوق کی محافظ ہے، فیض محمد کیریو

111

سانگھڑ (نمائندہ جسارت) گسٹا تعلقہ سنجھورو کے صدر فیض محمد کیریو نے کہا ہے کہ گسٹا اساتذہ کے حقوق کی محافظ ہے، کسی فرد یا ادارے کو اساتذہ کے حقوق پر ڈاکا نہیں ڈالنے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تعلقہ سنجھورو کے ہائی اسکول دیھ 39 جمڑاؤ، دیھ 30 جمڑاؤ میں اساتذہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ ڈیوٹی ایمانداری کے ساتھ ادا کریں، اپنے اسکول کو علاقے کا بہترین اسکول بنانے میں یکسوئی کے ساتھ درس و تدریس کو یقینی بنائیں، مسائل زندگی کا حصہ ہیں، پریشان نہ ہوں، شاہنواز ملک رافع سمیت کئی اساتذہ نے اپنے مسائل کا ذکر کیا اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ گسٹا مضبوط ہاتھوں میں ہے اور اس کی قیادت دلیر اور دیانت دار ہاتھوں میں ہے، گسٹا ہر مرحلے میں ان سے ساتھ کھڑی ہوتی ہے۔ اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے گسٹا تعلقہ سنجھورو کے جنرل سیکرٹری رفیق منصوری نے کہا کہ گسٹا کبھی اساتذہ کو تنہا نہیں چھوڑے گی، گسٹا کا اساتذہ کے پروموشن ہو یا گسٹا کا کردار، کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، کچھ لوگوں کو اساتذہ کی یکجہتی اور اتحاد پسند نہیں وہ اساتذہ میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، لیکن اساتذہ پُر عزم اور یکسو ہیں، کسی کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اس موقع پر گسٹا تعلقہ سنجھورو کے سینئر نائب صدر محمد سلیم شیخ، پریس سیکرٹری خلیل الرحمٰن کلوئی، رشید کہیری، افتخارا علی، گلزارِ احمد، عبدالستار کھوکھر سمیت کثیر تعداد میں اساتذہ موجود تھے۔