کراچی (اسٹاف رپورٹر) کوسٹ گارڈز کے آپریشنز میں 9 لاکھ لیٹر سے زاید ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ ناکام بنا دی گئی۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران بلوچستان کے علاقے جیوانی، پسنی اور اوتھل میں منشیات اور ڈیزل اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کی گئیں، جس میں اعلیٰ کوالٹی کی چرس کے علاوہ دیگر اسمگلنگ کی اشیا برآمد کرلی گئیں۔ ترجمان پاکستان کوسٹ گارڈز کے مطابق
گزشتہ 15 روز کے دوران پاکستان کوسٹ گارڈز نے اپنی انٹیلی جنس کی بنیاد پر جنوبی بلوچستان اور سندھ کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 9 لاکھ 15 ہزار 404 لیٹر ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ ناکام بنادی۔ اس کے علاوہ اوتھل اور جیوانی سے 34 کلو 505 کلوگرام چرس کی اندرون و بیرون ملک اسمگلنگ کو بھی ناکام بنایا گیا۔ پکڑی گئی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت 0.57ملین ڈالر کے لگ بھگ ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان کوسٹ گارڈز نے اپنی روڈ چیک پوسٹس پر دوران چیکنگ 30.6 ملین روپے مالیت کی متفرق اشیا کی اسمگلنگ و ترسیلات کو بھی ناممکن بنایا جن میں گٹکا، چھالیہ، نسوار، ٹائر، الیکٹرونکس اشیا، غیر ملکی کپڑا اور سگریٹ شامل ہیں۔