کراچی(کامرس رپورٹر) فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی)کے سابق صدراور بزنس مین پینل کے سینئروائس چیئرمین ناصر حیات مگوں نے کہا ہے کہ فیڈریشن میں موجودہ برسراقتدار گروپ بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرانے میں ناکام ہوچکا ہے،نااہل عہدیداروں نے فیڈریشن ہائوس میں ہمارے قائم کردہ پالیسی بورڈ قائم کو ختم کردیا اور ہم نے پیپلز پارٹی کی قیادت سے 24 منزلہ عمارت کی جو منظوری حاصل کی تھی لیکنموجودہ عہدیداران نے اس ضمن میں تمام تحقیقاتی کاموں کو منجمد کر دیا اور ریسرچ اور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کوبھی بند کردیا گیا ہے۔انہوں نے مقامی ہوٹل میں بزنس مین پینل کے چیئرمین انجم نثار اور دیگر رہنمائوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں فیڈریشن کے اراکین کی جانب سے بڑی تعداد میں شکایات موصول ہوئیں کہ موجودہ صدرعاطف اکرام مہینوں تک دفتر میں نہیں بیٹھتے، اکثر بیرون ملک دورے پر رہتے ہیں اور بزنس کمیونٹی کی شکایات حل نہیں ہوتیں، فیڈریشن کے عہدیدارصرف کسٹمز سے متعلق امور میں دلچسپی رکھتے ہیں جو کراچی ہیڈ آفس میں نمٹائے جاتے ہیں جبکہ بیشتر لوگوں کا الزام ہے کہ کسٹمز ہائوس کے لیے رشوت جمع کی جا رہی ہے،ایف پی سی سی آئی کا ہیڈ آفس میںرولنگ گروپ یو بی جی کے رہنمائوں کو سائیڈ لائن کردیا گیا ہے۔چیئرمین بی ایم پی انجم نثار نے اس موقع پر کہاکہ ایک وفاقی اور ایک صوبائی وزیر رہتے ہوئے ووٹرز پر دبائو ڈال کر اور ہماری حامی درجنوں ایسوسی ایشنز کے لائسنس منسوخ کراکے فیڈریشن چیمبر کے الیکشن کو جیتنے کے باوجودبزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرانے میں ناکام ہوچکے ہیں۔