ماہرین نے ایسے کمزور اور عام استعمال ہونے والے پاسورڈز کی نشاندہی کی ہے جو ہیکرز کے لیے با آسانی قابل رسائی ہیں۔
سافٹ ویئر کمپنی اینی آئی پی کی تحقیق کے مطابق دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والا پاسورڈ “password” ہے، جو ہیکنگ کے لیے اولین ہدف بنتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا میں”password”تیسرے نمبر پر جب کہ آسٹریلیا اور برطانیہ میں یہ پاسورڈ سب سے زیادہ استعمال ہوتا ہے۔ دیگر عام پاسورڈز میں “qwerty123″، “qwerty1″، اور “123456” شامل ہیں، جو یاد رکھنے میں آسان ہونے کے سبب زیادہ مقبول ہیں۔
تحقیق کے لیے ماہرین نے نورڈ پاس کی جانب سے جاری کردہ ڈیٹا کا تجزیہ کیا اور مختلف پاسورڈز کے ہیکنگ کے دوران استعمال کا جائزہ لیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں تقریباً 50 فیصد پاسورڈز حروف اور اعداد کے سادہ امتزاج پر مشتمل ہوتے ہیں، جو انہیں کمزور بناتے ہیں۔
نورڈ پاس کی تحقیق کے مطابق “123456” پاسورڈ دنیا بھر میں 30 لاکھ سے زائد مرتبہ استعمال ہوا، جو اس کی مقبولیت کے ساتھ اس کی غیر محفوظ نوعیت کو بھی ظاہر کرتا ہے۔
ماہرین صارفین کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ پیچیدہ اور منفرد پاسورڈز کا استعمال کریں تاکہ ہیکنگ کے خطرے سے بچا جا سکے۔