پی ٹی آئی کے جنید اکبر بلامقابلہ چیئرمین پی اے سی منتخب

147

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی جنید اکبر خان کو حکومت اور اپوزیشن کی اتفاق رائے سے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا۔

چیئرمین پی اے سی کے انتخاب کے سلسلے میں اہم اجلاس اسپیشل سیکرٹری محمد مشتاق کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں مسلم لیگ (ن) کے ڈاکٹر طارق فضل چودھری اور قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے جنید اکبر کا نام تجویز کیا۔ پی ٹی آئی کے ریاض فتیانہ اور مسلم لیگ (ن) کے افنان اللہ خان سمیت دیگر اراکین نے متفقہ طور پر ان کے نام کی تائید کی، جس پر جنید اکبر خان کو بلا مقابلہ چیئرمین منتخب کر لیا گیا۔

دوسری جانب جنید اکبر نے تمام اراکین اور قیادت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ذمے داری ان کے لیے نئی ہے، لیکن وہ سینئر اراکین سے رہنمائی حاصل کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی قیادت کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

اس سے قبل حکومت اور پی ٹی آئی نے شیخ وقاص اکرم کے بجائے جنید اکبر پر اتفاق کیا تھا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن کو مشاورت کے بعد چیئرمین کے انتخاب سے متعلق آگاہ کیا تھا۔پی اے سی کے اجلاس کے انتظامات مکمل ہونے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔