حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس 28 جنوری کو طلب، پی ٹی آئی کا شرکت سے انکار

152

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی نے 28 جنوری کو مذاکراتی کمیٹی کا چوتھا اجلاس طلب کیا ہے، جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے شرکت سے انکار کر دیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس 28 جنوری کو دوپہر پونے بارہ بجے طلب کیا ہے، اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم پانچ میں اِن کیمرہ ہوگا۔ 

حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ  تحریک انصاف نے ابھی تک تحریری طور پر نہیں بتایا کہ وہ مذاکرات ختم کررہے ہیں۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ تحریک انصاف کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی تاہم پی ٹی آئی کی طرف سے ابھی تک شرکت سے متعلق کوئی معذرت نہیں کی گئی۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے مذاکرات میں شریک ہونے سے انکار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی 28 جنوری کو ہونے والے اجلاس میں شرکت نہیں کرے گی اور نہ ہی کسی دوسرے مذاکراتی اجلاس کا حصہ بنے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی عمران خان نے حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔