ریٹ لسٹیں آویزاں نہ کرنے والوں کی دکانیں سربمہر ہوں گیں

69

کراچی(کامرس رپورٹر) سندھ حکومت نے ناجائز منافع خوروں کے خلاف بھرپور کاروائی اور ریٹ لسٹیں آویزاں نہ کرنے والوں کی دکانیں سربمہر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے. ڈائریکٹرجنرل بیورو آف سپلائی پرائسز ڈاکٹر شاکر قیوم خانزادہ کے زیر صدارت قیمتوں پر کنٹرول کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں کراچی سمیت سندھ کی تمام ڈویڑنوں کے افسران شریک ہوئے. ڈائریکٹر جنرل سندھ نے ہدایت دی کہ صارفین کو ریلیف فراہم کرنے پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ ذخیرہ اندوزوں اور کالابازاری کرنے والوں سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی مرتب کی گئی ہے، وزیراعلی سندھ کے معاون خاص عثمان غنی ہنگورو کی ہدایت پر سندھ بہر میں قیمتوں کی سخت چیکنگ روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی، مارکیٹوں کی نگرانی اور حکومت کی مطلع شدہ قیمتوں کی فہرستوں کو نافذ کرنے کے لئے تین شفٹوں کا نفاذ کیا جائے، پتیری، روٹی، ڈبل روٹی، دودھ، دہی، چکن اور انڈے کی قیمتوں پر فوکس کیا جائے، ریٹ لسٹیں آویزاں نہ کرنے والوں کی دکانیں سربمہر کی جائیں، سندھ حکومت اشیاء کی قیمتوں پر عملدرآمد بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔