یمن: حوثیوں نے زیر حراست جہاز کے عملے کو رہا کر دیا

42

صنعا (انٹرنیشنل ڈیسک) یمن میں حوثی باغیوں نے نومبر 2023 ء میں بحیرہ احمر میں پکڑے گئے مال بردار جہاز کے عملے کو رہا کر دیا۔ حوثیوں نے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے گلیکسی لیڈر کے عملے کو رہا کردیا ہے۔ یہ اقدام غزہ کی پٹی کے تنازع میں جنگ بندی معاہدے کی حمایت میں کیا گیا ہے۔ بیان میں جہاز کو حوالے کرنے کا ذکر نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ جہاز جاپانی شپنگ کمپنی نپون یوسین کے زیرِ انتظام تھا جسے این وائی کے لائن کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ نومبر 2023 ء کے بعد سے حوثیوں نے حماس کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے اسرائیل پر بار بار بیلسٹک میزائل اور دیگر حملے کیے ہیں ۔ اس دوران بحیرہ احمر میں سفر کرنے والے بحری جہازوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ حوثیوں کے حملوں کے باعث عالمی جہاز رانی متاثر ہوئی اور جہاز اپنا راستہ تبدیل کرنے پر مجبور ہوگئے۔