ڈاکٹر فواد احمد کا گلشن اقبال بلاک 10 اے میں پردہ پارک کا دورہ

55

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے کہا ہے کہ عوام کو ان کی دہلیز پر بلدیاتی سہولیات مہیا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، عوام کی سہولت کیلئے سب سے زیادہ پارکوں کو بحال کیا گیا ہے جبکہ سڑکوں کی بحالی کیلئے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں، کوشاں ہیں کہ بالترتیب بلدیاتی سہولیات بلاتفریق ہر علاقے تک پہنچائے جائیں جس میں تاحال کامیاب ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن اقبال بلاک 10 A، یوسی7میں پردہ پارک کے دورے کے دوران کیا، اس موقع پر ڈائریکٹرپارکس غلام رسول نے چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد کو پارکس میں موجود سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ جس پر چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے پارک کی بہتری کے حوالے سے مزید ہدایات جاری کیں ، انہوں نے پارک میں جھولوں کی تنصیب، نئے پودوں کی شجرکاری اور دیگر تزئین و آرائش کے کاموں کے حوالے سے احکامات جاری کیے، انہوں نے مزید کہا کہ پارکس کی تزین وآرائش سے قبل علاقہ مکینوں کی رائے اور مشوروں کو بھی شامل کرکے اقدامات کیے جائیں۔ عوام کا بھی فرض بنتا ہے کہ جو پارکس و دیگر بلدیاتی سہولیات ان کیلیے یقینی بنائی جارہی ہیں، اس کی دیکھ بھال کی ذمہ داری لیں اوراسے اون کریں، اس موقع پرگلشن ٹاؤن کے متعلقہ افسران کے علاوہ علاقہ معززین بھی موجود تھے۔