سب سے اچھا انسان وہ ہے جو خلق خدا کیلیے نفع بخش ہو، عظمیٰ عمران

52

کراچی (اسٹاف رپورٹر)حلقہ خواتین جماعت اسلامی سندھ کی نائب ناظمہ عظمیٰ عمران نے کہاہے کہ سب سے اچھا انسان وہ ہے جو خلق خدا کے لیے نفع بخش ہو،عمدہ اخلاق قرآن کے معلم کا بنیادی وصف ہے جو مدرس کے بیان کو پرتاثیر بناتاہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع شمالی میں مدرسات سے “میں اور میرے اخلاقیات” کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔عظمیٰ عمران کا کہنا تھا کہ سیرت نبوی ﷺپر مشتمل اخلاق مومن کو اللہ، فرشتوں اورآس پاس بسنے والوں کا محبوب بناتا ہے اور دعوت کے کام کو آسان کر دیتا ہے،نرمی پیغمبرانہ اخلاق میں سے ہے،نبوی مشن کے علمبرداروں کو اپنے عقائد اور ایمان میں سخت اور مضبوط ہونا ہے لیکن لوگوں سے معاملات میں نرمی کا برتاؤ اختیار کرنا ہے انہوں نے کہا قران کریم کو تھام کر معاشرے میں موجودہونا ایک بہت بڑا اعزاز ہے ۔