کراچی : سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ مذاکرات ہونے چاہئیں اور پاکستان کے ہر مسئلے کا حل مذاکرات سے نکلے گا لیکن عمران خان اور پی ٹی آئی کو اپنی وارداتوں کا حساب دینا پڑے گا۔
کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان کو 14 سال سزا ہوئی، کیا کوئی ایک مظاہرہ بھی ہوا؟ ملک میں کہیں بھی ایک بندہ نہیں نکلا۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو ریڈیو پاکستان کو آگ لگائی گئی، جی ایچ کیو پر حملہ کیا گیا، بسوں اور ایمبولینسز کو آگ لگائی گئی۔ گرفتاری کے خلاف پاکستان میں آگ لگائی گئی، اداروں میں بغاوت پیدا کی گئی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان شروع سے سلیکٹو سسٹم میں رہے ہیں، 2018 میں عمران خان الیکشن جیتنے کے بعد ہر سیاسی مخالف کو چور اور ڈاکو کہتا تھا۔ قبل ازیں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کراچی پریس کلب کا دورہ کیا اور نئی باڈی کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ اور پیپلز پارٹی ہمیشہ سے صحافیوں کے ساتھ رہی ہے، جتنی آزادی صحافت ہوگی اتنا سوشل میڈیا پر فیک نیوز کا کلچر ختم ہوگا۔ ہم نہیں چاہتے ہیں کہ صحافیوں کے اوپر کسی قسم کی پابندی ہو لیکن سوشل میڈیا پر جو جھوٹ پھیلاتے ہیں ان کا کیا ہوگا۔