کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے کراچی ائیرپورٹ پر کارروائیوں کے دوران جعل سازی اور جعلی دستاویزات پر بیرون ملک سفر کرنے والے 3 مسافروں کو گرفتار کرلیا۔
میڈیاذرائع کے مطابق ترجمان ایف آئی اے نے بتایا ہے کہ ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحٰق جہانگیر کی ہدایت پر بیرون ملک جانے والے مسافروں کی سخت اسکریننگ کی جارہی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کراچی ائیرپورٹ سے گرفتار ملزمان میں عرفان قاسم، مطیع اللہ باجوہ اور ایشور ڈار شامل ہیں، عرفان قاسم نامی مسافر نے یونان سفر کرنے کی کوشش کی، ملزم کے پاسپورٹ پر موجود یونان کا ویزہ جعلی تھا جب کہ ملزم نے کراچی کے رہائشی فیصل نامی ایجنٹ کے ذریعے سفری دستاویزات کا بندوبست کیا۔
ایف آئی اے کے مطابق دوسری کارروائی میں قطر جانے والے مطیع اللہ باجوہ نامی مسافر کو گرفتار کیا گیا، ملزم نے جائے پیدائش کو تبدیل کرکے ویزا حاصل کیا، ملزم قطر کے لیے سفر کا مقصد بتانے میں ناکام رہا جب کہ مطیع اللہ کے گزشتہ پاسپورٹس پر جائے پیدائش کی جگہ پر ٹھٹھہ، سیالکوٹ اور کراچی درج تھا۔ ملزم مطیع اللہ نے ندیم نامی ایجنٹ سے پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات حاصل کیں، مسافر نے بتایا کہ اس نے ہالینڈ جانے کے لیے ایجنٹ کے ساتھ 50 لاکھ روپے میں معاملات طے کیے، رقم کے عوض ایجنٹ نے مسافر کو ہالینڈ بھجوانا تھا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق تیسری کارروائی میں ایشور نامی مسافر کو آف لوڈ کردیا گیا، امیگریشن کلیئرینس کے دوران ملزم کو مشکوک پایا گیا، ملزم کے پاسپورٹ پر لگا کمبوڈیا کا ویزہ جعلی تھا۔ ملزم کے پاس مذکورہ ویزہ کے ای پیپر بھی موجود نہیں تھے، گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کاروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کردیا گیا اور اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔