خوشدل شاہ کی شاندار فارم کے بعد چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ میں واپسی کے امکانات روشن

126

لاہور:بنگلادیش پریمیئر لیگ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے آل راؤنڈر خوشدل شاہ کو سہ ملکی سیریز اور چیمپئنز ٹرافی کے اسکواڈ میں شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق خوشدل نے بی پی ایل میں 197.12 کی اوسط اور 91.33 کے اسٹرائیک ریٹ سے 8 میچز میں 274 رنز اسکور کرکے اپنی فارم کا لوہا منوایا، جس کے بعد وہ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں ساتویں نمبر پر آ چکے ہیں۔

خوشدل شاہ نے 2022ء میں ہالینڈ کے خلاف آخری ون ڈے میچ کھیلا تھا۔ انہوں نے قومی ٹیم کے لیے 10 میچز میں 33.16 کی اوسط سے 199 رنز بنائے ہیں  جب کہ 2 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔ ان کی حالیہ فارم نے انہیں دوبارہ قومی ٹیم میں جگہ دلانے کے امکانات روشن کر دیے ہیں۔

شان مسعود کی ون ڈے اسکواڈ میں شمولیت زیرغور

دوسری جانب انجرڈ صائم ایوب کی غیر موجودگی میں ٹیسٹ کپتان شان مسعود کے ون ڈے اسکواڈ میں شمولیت پر بھی غور جاری ہے۔ رپورٹس کے مطابق شان مسعود اور امام الحق کو جارحانہ آغاز کے لیے اسکواڈ میں شامل کیا جا سکتا ہے جب کہ عبداللہ شفیق کی حالیہ کارکردگی بھی انتخابی کمیٹی کے زیرغور ہے۔

چیمپئنز ٹرافی سے قبل یہ تبدیلیاں قومی ٹیم کے کمبی نیشن کو مضبوط کرنے کی کوشش ہیں، جس کا حتمی اعلان جلد متوقع ہے۔