وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات سے انکار پر اپنے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف والے اپنے لیڈر کے ساتھ مخلص نہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ مذاکرات سے انکار کی کوئی بنیاد نہیں ہے، پی ٹی آئی والے کسی بھی بات پر مخلص نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کرنے والوں کو خود بھی پتا تھا کہ اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلنا، ہماری پوری لیڈرشپ کو قید کیا گیا مگر ہم نے ملک کے نقصان کا نہیں سوچا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس صرف شور شرابہ ہی رہ گیا ہے، خالی برتن کی آواز زیادہ آتی ہے لیکن بے اثر ہوتا ہے، پی ٹی آئی والے اپنے لیڈر کے ساتھ مخلص نہیں۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اسمبلی اور ٹی وی پر لڑائیاں اور مذاکرات سے گریز، اصلی چہرا سامنے آرہا ہے، ان کا پہنا ہوا نقاب اتر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کس چیز کا جوڈیشل کمیشن بنانا چاہتے ہیں، جن کو سزائے ہوئی انہوں نے اعتراف جرم کیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے خود ہی اعتراف جرم کیا ہے کہُ ہمارے لوگ گمراہ ہوئے ،علی امین گنڈاپور کے بیان کے بعد جوڈیشل کمیشن کی ضرورت نہیں رہتی۔