بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر ارش دیپ سنگھ نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بھارت کے لیے ایک شاندار سنگ میل عبور کر لیا ہے۔
کولکتہ میں انگلینڈ کے خلاف پانچ میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں ارش دیپ سنگھ نے دو وکٹیں حاصل کرکے بھارت کی طرف سے اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز اپنے نام کیا۔
2022 میں بھارت کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر نے 61 انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچز میں 97 وکٹیں لے کر یہ اہم سنگ میل عبور کیا۔
اس سے قبل بھارت کے لیے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ اسپنر یوزویندر چہل کے پاس تھا، جنہوں نے 79 میچز میں 96 وکٹیں حاصل کیں۔