ترقیاتی اسکیموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے،میئر حیدرآباد

45

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) میئر کاشف علی شورو نے میئر سیکرٹریٹ سوک سینٹر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں اور اسکیموں پر پیشرفت کے جائزہ کے حوالے سے اجلاس طلب کیا۔ اجلاس میں کمشنر بلال میمن، ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن، میونسپل کمشنر ظہور احمد لکھن، قاسم آباد ٹائون کے چیئرمین عبدالغفور درس، حیدرآباد ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے MD/CEO سید شجاعت حسین، سلیم الدین کنسلٹنٹ ٹو MD واسا، ایکسئین پنجو ملہو ترا، مسعود اقبال SP، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ایکسین سندیش، گلام رسول عباسی، حیدرآباد واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ایگزیکٹو انجینئر ذیشان ملک سمیت سندھ سولڈ ویسٹ، بلدیہ و دیگر اداروں کے متعلقہ افسران شریک تھے۔ اجلاس میں نیاز اسٹیڈیم، جامشورو روڈ پر تعمیر کیے جانے والے اربن فاریسٹ پارک واٹر سپلائی کی اسکیموں سمیت حیدرآباد میں تعمیر و ترقی سے متعلق جاری مختلف ترقیاتی اسکیموں و منصوبوں، کام کی رفتا ر اور اب تک ہونے والی پیشرفت اور شہر کے انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنانے، واسا کے فلٹر پلانٹ کو حیسکو کے ایکسپریس فیڈر سے منسلک کرنے و دیگر ضروری کاموں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ میئر کاشف علی شورو نے شہر میں جاری کی پرانی اسکیموں سے متعلق معلومات لیں اور ان کی راہ میں حائل رُکاوٹوں کو دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام کاموں کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ کاموں سے متعلق چیف سیکرٹری سے ہونے والے میٹنگ میں مکمل مفصل رپورٹ دی جاسکے، اس کے علاوہ شہر کے لیے نئی اسکیموں کو شروع کرنے کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی۔ اس ضمن میں مئیر اور کمشنر و ڈپٹی کمشنر کو جاری ترقیات کاموں سے متعلق مختلف محکموں کے افسران نے پیشرفت سے متعلق بریفنگ بھی دی۔