کراچی(کامرس رپورٹر)رواں مالی سال 31 دسمبر کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے دوران ہونڈا اٹلس کارز (پاکستان) لمیٹڈ (ایچ سی اے آر) کا منافع 566.4 ملین روپے ریکارڈ کیا گیا جو سالانہ 295 فیصد کا زبردست اضافہ ظاہر کرتا ہے۔بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جاری ہونے والے ایچ سی اے آر کے مالیاتی گوشواروں سے ظاہر ہوتا ہے کہ کمپنی کا منافع گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 143.3 ملین روپے تھا۔سہ ماہی کے دوران آٹومیکرز کی فی حصص آمدنی (ای پی ایس) 3.97 روپے رہی جو گزشتہ سال ایک روپے تھی۔منافع میں اضافے کو فروخت میں اضافے سے منسوب کیاجاسکتا ہے۔سہ ماہی کے دوران ایچ سی اے آر کی فروخت 17.85 ارب روپے رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 12.43 ارب روپے کے مقابلے میں 44 فیصد اضافہ ہے۔مالی سال 25 کی دوسری سہ ماہی میں کمپنی کی فروخت کی لاگت بھی 42 فیصد اضافے سے 16.2 ارب روپے تک پہنچ گئی۔نتیجتاً کمپنی کا مجموعی منافع تقریبا 60 فیصد بڑھ کر مالی سال 25 کی دوسری سہ ماہی میں 1.64 ارب روپے تک پہنچ گیا جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں مجموعی منافع 1.03 ارب روپے تھا۔اس کے نتیجے میں مالی سال 25 کی دوسری سہ ماہی میں ایچ سی اے آر کا مجموعی مارجن 9.2 فیصد تک بڑھ گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 8.3 فیصد تھا۔پاکستان آٹوموٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق دسمبر 2024 میں پاکستان میں کاروں کی فروخت گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 69 فیصد اضافے کے ساتھ 9,820 یونٹس تک پہنچ گئی۔