سائبر نائف پروسٹیٹ کینسر کا 100 فیصد علاج فراہم کرتا ہے‘سمیتاافضال

93

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ترجمان سندھ حکومت سمیتا افضال سید اور گھنور اسران نے کہا ہے کہ سائبر نائف دماغی کینسر کے علاوہ پروسٹیٹ کینسر کا 100 فیصد علاج فراہم کرتا ہے جبکہ منہ کے کینسر کے 35 فیصد کیسز یہاں رجسٹر ہو رہے ہیں اور اسپتال میں 570 نئے ڈاکٹرز کی بھرتیوں اور سات منزلہ میڈیکل ٹاور کی تعمیر منصوبے کا حصہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز جناح اسپتال کے سائبر نائف ڈیپارٹمنٹ میں دورہ کے دوران کیا۔ اس موقع پر سائبر نائف ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود بھی موجود تھے۔ سندھ حکومت کی ترجمان اور پیپلزپارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی سمیتا افضال سید نے جناح اسپتال کے سائبر نائف سینٹر کا دورہ کیا۔ سمیتا افضال سید نے مریضوں اور تیمارداروں سے ملاقات کے دوران سائبر نائف شعبہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جناح اسپتال کے سائبر نائف سینٹر میں صوبہ بھر کے 45 فیصد مریض جبکہ دیگر صوبوں اور 14 سے زائد ممالک کے مریض بھی علاج کے لیے آتے ہیں۔