واشنگٹن ( مانیٹرنگ ڈیسک ) نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تقریب حف برداری کے بعد تمام مذاہب کی دعائیہ تقریب میں شرکت کی جس میں مسلمانوں کی نمائندگی ایک امامِ مسجد ڈاکٹر محمد فراسر رحیم نے کی۔واشنگٹن کے نیشنل کیتھیڈرل کے چرچ میں ہونے والی تمام مذاہب کی دعائیہ تقریب میں قرآن کی تلاوت کی گئی اور اذان بھی دی گئی۔ امریکا کی دی نیشنز مسجد کے پیش امام ڈاکٹر محمد فراسر نے تلاوت کلام پاک کرتے ہوئے سورہ حدید کی آیت 4 سے 7 سنائی۔ان آیات میں اللہ کی قدرتِ کمال اور کامل اختیار کے ساتھ ساتھ زمین اور آسمان کے بننے کے عمل کو بیان کیا گیا ہے۔تلاوتِ کلام کے بعد دی نیشنز مسجد کے مؤذن ڈاکٹر شیخ اکبر شریف نے اذان دی۔اس موقع پر ٹرمپ سمیت تمام شرکاء خاموشی اور احترام کے ساتھ تلاوتِ قرآن پاک اور اذام کو بغور سنتے رہے۔علاوہ ازیں واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ روسی صدر پیوٹن یوکرین مسئلے پر مذاکرات کی میز پر نہ آئے تو ممکن ہے روس پر پابندیاں عاید کروں جب کہ چین کے صدر سے اپیل کی ہے کہ وہ یوکرین کا مسئلہ حل کرنے میں مدد کریں۔مزید برآں روس کے صدر ولادیمیر پوٹن اور ان کے چینی ہم منصب شی جن پنگ نے امریکا میں ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت سے تعلقات پر طویل مشاورت کی ہے۔ صدر شی اور پوٹن نے ٹرمپ کی حلف برداری کے بعد پیر کو ایک گھنٹے 35 منٹ تک وڈیو کال پر بات چیت کی ہے جس میں یوکرین جنگ ختم کرنے سے متعلق کوئی ممکنہ حل زیر بحث آیا۔