ہر مشکل میں پاکستان کے ساتھ ہیں، نواف بن سعید

117

اسلام آباد(آن لائن)سعودی سفیرنواف بن سعید المالکی سے چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی مولانا سیدعبدالخبیر آزاد کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پاک سعودی دوستی و تعلقات،مذہبی ہم آہنگی،وحدت اُمت اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔مولانا سید عبدالخبیر آزادنے کہا کہ سعودی عرب سے پاکستان کی لازوال دوستی وتعلقات کوہ ہمالیہ سے بھی بلند ہیں،سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں وطن عزیز پاکستان کا ساتھ دیا اور دل کھول کر امداد کی، پاکستان سعودی عرب یک جان دو قالب کی مانند ہیں،ہم خادم الحرمین شریفین ملک سلمان بن عبدالعزیز حفظہ اللہ،امیرمحمد بن سلمان حفظہ اللہ اور سعودی عوام کا تہہ دل سے ممنون و مشکور ہیں۔ مولانا سیدعبدالخبیرآزادنے کہا کہ حال ہی میں حکومت پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان جو تجارتی معاہدات ہوئے ہیں اس سے پاکستان کی معیشت مضبوط ہوگی،پاک سعودی دوستی و تعلقات میں سعودی سفیرنواف بن سعید المالکی حفظہ اللہ کا عظیم کردار ہے جسے ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں، خواتین کی تعلیم کے حوالے سے حال ہی میں بین الاقوامی کانفرنس کاانعقاد رابطہ عالم اسلامی اور حکومت پاکستان کا قابل تحسین عمل ہے۔سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ ہم پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں،ہرمشکل گھڑی میں سعودی عرب پاکستان کے ساتھ ہے،دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔