190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے کے خلاف اپیل کا ڈرافٹ تیار

137

راولپنڈی : بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے کے خلاف اپیل تیار کرلی گئی ہے۔ برطانوی عدالت کا فیصلہ بھی منسلک کیا گیا ہے۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹرسلمان صفدر نے بتایا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے کے خلاف 20 صفحات پر مشتمل اپیل کا ڈرافٹ تیار کرلیا گیا ہےجو بانی پی ٹی آئی کو فراہم کر دیا گیا ہے۔

بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی ایک یا دو روز کے اندر اپیل کا مطالعہ مکمل کر کے اسے فائنل کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ  اپیل میں انگلینڈ ویلز عدالت کا فیصلہ بھی منسلک کیا گیا ہے جو اس عدالتی فیصلے کے بعد سامنے آیا تھا۔

سلمان صفدر کا مزید کہنا تھا کہ اپیل میں نیب کی جانب سے ابتدائی انکوائری بند کرنے کا ذکر اور عدالتی فیصلے سے قبل ججمنٹ ریلیز ہونے پر اعتراض بھی شامل ہے۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ یہ اپیل مضبوط نکات پر مبنی ہے اور بانی پی ٹی آئی اس حوالے سے حتمی فیصلے کے بعد عدالت سے رجوع کریں گے۔