صحافی اور صحافتی ادارے بحرانی کیفیت سے دوچار ہیں، امین یوسف

150

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے سابقہ مرکزی جنرل سیکرٹری اور سینئر صحافی امین یوسف نے حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کو نو منتخب عہدیداروں سے حیدرآباد میں ملاقات کی اور انہیں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ امید کی جاتی ہے کہ آپ لوگ صحافیوں کے فلاح وبہبود اور تربیت پر خصوصی توجہ دیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے ایچ یو جے (ورکرز) کے صدر امجد اسلام، سینئر نائب صدر عمران ملک، جوائنٹ سیکرٹری رانا حمبل راجپوت، گورننگ باڈی کے ارکان عرفان آرائیں، آصف شیخ، یامین قریشی کو کامیابی پر ہار پہنائے، اس موقع پر پی ایف یو جے (ورکرز) کے سینئر نائب صدر ناصر شیخ بھی موجودتھے۔ امین یوسف نے کہاکہ آج صحافی اور صحافتی ادارے انتہائی بحرانی کیفیت سے دوچار ہیں، ایسے میں صحافی تنظیموں اور ان کے عہدیداروں پر بھاری ذمے داری عاید ہوتی ہے کہ وہ صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے صحافیوں کے بنیادی حقوق، ان کی فلاح وبہبود اور ان کی تربیت کیلیے اپنا بنیادی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میںصحافیوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں، اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران ملک بھر میں کئی صحافی شہید ہوچکے ہیں اس کے باوجود صحافی اپنی تمام تر ذمے داریاں انجام دے ر ہے ہیں۔