لاہو ر (نمائندہ جسارت) مرکزی رہنما جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ دنیا تبدیلیوں کی زد میں ہے اور تاریخ انسانی کے بڑے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ افغانستان سے امریکی پسپائی ہو یا بنگلا دیش و شام کے انقلابات، امت کے لیے نئی صبحیں نمودار ہورہی ہیں۔ روس یوکرین جنگ اور امریکا میں ٹرمپ کی عہدہ صدارت پر واپسی بھی بڑے واقعات ہیں‘ تاہم غزہ میں حماس کی فتح اور اسرائیل کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنا حالیہ انسانی تاریخ کا سب سے بڑا واقعہ ہے اور بلاشبہ یہ پوری امت مسلمہ کے لیے روشن صبح کی نوید ہے‘ حماس کے مجاہدین نے مزاحمت کی تاریخ رقم کی اور وہ کام کیا جو اس سے قبل نصف درجن کے قریب اسلامی ممالک کی افواج نہ کرسکیں‘ اسرائیل تمام تر ٹیکنالوجی کے باوجود یرغمالیوں کا سراغ نہ لگا سکا اور بالاخر اسے معاہدہ کرکے اپنے یرغمالی رہا کرانے پڑے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسجد بلال اور مسجد قبا کراچی میں تربیتی ورکشاپس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر بلوچستان مولانا ہدایت الرحمن بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مسجد قبا میں ہونے والی ورکشاپ میں بلوچستان بھر سے آئے ہوئے کارکنان جماعت اسلامی نے شرکت کی۔