190 ملین پائونڈ ریفرنس میں عمران خان کیخلاف فیصلہ قانونی نہیں سیاسی ہے

155

کراچی (رپورٹ :قاضی جاوید) 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں عمران خان کیخلاف فیصلہ قانونی نہیں سیاسی ہے‘کپتان عدالت میں ٹھوس شواہد پیش کرنے میں ناکام رہے ،القادر کیس میں مذہب کارڈ استعمال کیا‘پاکستا ن عالمی سطح عمران کیس کی وجہ سے پریشان کن صورتحال سے دوچار ہے‘جو لوگ قانون کو مطلوب ہیں وہ عوام کو گمراہ کرنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں‘ بانی پی ٹی آئی پر رشوت، کرپشن اور ڈاکا ثابت ہو چکا۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ‘سابق وفاقی وزیر اطلاعات، سینیٹر شبلی فراز اوربانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری نے جسارت کے اس سوال کے جواب میں کیا کہ’’عمران خان کے خلاف فیصلہ قانونی ہے یاسیاسی؟‘‘ عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ القادر یونیورسٹی ٹرسٹ ریفرنس میں سنائی گئی سزا میرٹ اور قانون کے مطابق تاریخی فیصلہ ہے‘ اگر نواز شریف کے خلاف سزا میرٹ اور قانون کے مطابق ہو تی تو آج وہ آزاد نہیں ہوتے‘ القادر کیس میں مذہب کارڈ استعمال کیا گیا‘ بانی پی ٹی آئی عدالت میں ٹھوس شواہد پیش کرنے میں ناکام رہے کہ وہ بے گناہ ہیں‘ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پاکستان کی تاریخ کا میگا کرپشن کیس تھا، ڈیفنس کونسل نے سیاسی طور پر اس کیس کو لڑا، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ وکیل صفائی بے گناہی کے ثبوت پیش نہیں کر سکے، رشوت، کرپشن اور ڈاکا ثابت ہو چکا ہے۔ شبلی فراز کا کہنا ہے کہ القادر یونیورسٹی ٹرسٹ ریفرنس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ کو سنائی گئی سزا میرٹ اور قانون کے مطابق نہیں‘ عدالتی فیصلے سے حکمران جماعت کو سیاسی فائدہ ہوگا‘ یہ ایک تاریخی غلطی ہے جس کو درست کر نے میں عرصہ لگ جائے گا‘ قومی ادارے ملک کی بقا اور سلامتی میں بنیادی حیثیت رکھتے ہیں‘ ان کو ہر فیصلے میں ایک تاریخ لکھنے کی ضرورت ہو تی ہے‘ جو لوگ قانون کو مطلوب ہیں وہ عوام کو گمراہ کرنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں‘ ان خلاف فیصلے آنے کی ضرورت ہے۔ فیصل چودھری کا کہنا ہے کہ القادر یونیورسٹی ٹرسٹ ریفرنس میں فیصلہ سیاسی تو آنا ہی تھا ‘ حقیقت یہ ہے کہ سیاسی فیصلہ ایک ایسے وقت میں لکھا گیا جب پاکستان عالمی سطح عمران کیس کی وجہ سے پریشان کن صورتحال سے دوچار ہے‘ عمران خان کو سزا نہیں ہونی چاہیے تھی‘ عمران خان سے ملاقات کے بارے میں فیصل چودھری کے مطابق عمران خان کہا ہے کہ قانون اور آئین کی حکمرانی ہونی چاہیے اور جتنا جیل میں رہنا پڑا رہوں گا‘ بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل کی سیل میں شفٹ کر دیا جائے گا، بشریٰ بی بی نے کہا ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہیں اور کھڑی رہیں گی۔ فیصل چودھری کا کہنا تھا کہ ہم یہ میچ جیتیں گے‘ یہ ملک میں عدل و انصاف کا میچ ہے جو عمران خان جیتیں گے۔