نومبر میں دوبارہ صدر منتخب ہونے پر ڈونلڈ ٹرمپ نے ارب پتی آجر ایلون مسک اور بھارتی نژاد امریکی بزنس مین وویک راما سوامی کو سرکاری اداروں کی کارکردگی کا گراف بلند کرنے کے ذمہ دار ادارے میں خدمات انجام دینے کے لیے منتخب کیا تھا۔ ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشینسی کے لیے ایلون مسک اور وویک راما سوامی کے انتخاب پر بہت سوں نے اعتراض کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دونوں کاروباری اداروں کے مالک ہیں اس لیے سرکاری اداروں اور محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے پر خاطر خواہ حد تک توجہ نہیں دے سکیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایلون مسک اور وویک راما سوامی کو دراصل امریکا کو دوبارہ عظیم تر بنانے اور بچانے کی تحریک کے حصے کے طور پر لایا جارہا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلے دورِ صدارت میں امریکا کو دوبارہ عظمت سے ہم کنار کرنے کی تحریک شروع کی تھی۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے سب سے پہلے امریکا کا نعرہ بھی لگایا تھا جس کا مقصد دنیا کو بتانا تھا کہ اُن کی نظر میں سب سے زیادہ زیادہ اہمیت امریکا کی ہے اور امریکی مفادات کو کسی بھی صورت قربان نہیں کیا جاسکتا۔
اب امریکی ایوانِ صدر نے اعلان کیا ہے کہ وویک راما سوامی ڈپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشینسی میں خدمات انجام نہیں دے سکیں گے اور اس کا سبب یہ بیان کیا جارہا ہے کہ وہ اگلے سال امریکی ریاست اوہایو کے گورنر کا انتخاب لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کے کچھ دیر بعد ہی وویک راما سوامی کے اُن کی ٹیم سے الگ ہونے کی خبر آئی۔