مچھلیاں  انسانوں کے بغیر تنہائی محسوس کرتی ہیں؟پریشانی کا حل  مل گیا

134

ٹوکیو:آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ مچھلیاں انسانوں کے بغیر خود کو تنہا محسوس کرتی ہیں، جس کے لیے جاپان کے Shimonoseki ایکوریم میں مچھلی کی تنہائی کو ختم کرنے کے لیے عملے نے ایک نہایت دلچسپ اور تخلیقی حل نکالا ہے۔

یہ انوکھا واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایکوریم کو دسمبر 2024 میں تزئین و آرائش کے لیے بند کیا گیا اور وہاں موجود واحد سن فِش نے لوگوں کی غیر موجودگی میں تنہائی محسوس کرنا شروع کر دی۔

ایکوریم کے عملے نے دیکھا کہ مچھلی بیمار ہونے لگی ہے، حالانکہ وہ جسمانی طور پر صحت مند دکھائی دے رہی تھی۔ کافی غور و فکر کے بعد ایک عملے کے رکن نے یہ خیال ظاہر کیا کہ شاید مچھلی لوگوں کی غیر موجودگی کے باعث تنہائی محسوس کر رہی ہے کیونکہ مچھلی عام طور پر لوگوں کی موجودگی میں متحرک رہتی تھی۔

عملے نے مچھلی کی تنہائی کو کم کرنے کے لیے ایک تخلیقی قدم اٹھایا اور ایک ساتھی کے یونیفارم کو ایکوریم ٹینک کے ساتھ لٹکا دیا گیا۔ اس عمل کومزید دلچسپ بنانے کے لیے کپ بورڈ سے  عارضی لوگ تیار کیے گئے اور انہیں یونیفارمز پہنا دیا گیا۔

اس منفرد اور غیر روایتی اقدام کے فوراً بعد مچھلی نے مثبت ردعمل ظاہر کیا اور اس کی حالت بہتر ہونے لگی۔ دیکھتے ہی دیکھتے مچھلی  عارضی لوگوں کی جانب متوجہ ہوگئی اور ان کے ساتھ وقت گزارتی دکھائی دی۔

عملے نے بتایا کہ مچھلی کے اندر لوگوں کے لیے تجسس موجود ہے اور جب لوگ ٹینک کے سامنے آتے تھے تو مچھلی خوشی سے تیرنا شروع کر دیتی تھی۔

واضح رہے کہ سن فش دنیا کی سب سے بھاری ہڈی والی مچھلی ہے اور اس کا وزن 1900 کلوگرام تک پہنچ سکتا ہے جب کہ لمبائی 3.3 میٹر تک ہوسکتی ہے۔