اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان غزہ میں بحالی اور تعمیر نو کے عمل کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا، پاکستان اپنے تئیں جو بھی کرسکتا ہے کرے گا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ غزہ میں ہزاروں فلسطینیوں کو جیلوں میں ڈالا گیا اور انفرا اسٹرکچر کو تباہ کیا گیا،50 ہزارسے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا گیا ،بہت خونریزی کے بعد جنگ بندی ہوئی ہے، اللہ سے دعا ہے کہ غزہ میں عارضی جنگ بندی مستقل جنگ بندی میں بدل جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ غزہ میں شہید ہونے والوں میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے، غزہ میں جنگ بندی کے لیے بھرپور آواز اٹھائی اور امدادی سامان بھی بجھوایا۔
انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کے خلاف محاذ آرائی پاکستان دشمنی ہے، چین کی جانب سے مہیا کیے گئے 230 ملین ڈالر کی لاگت سے یہ منصوبہ مکمل ہوا۔
ان کا مزید کہا تھا کہ کل گوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا افتتاح ہوا، گوادر ایئر پورٹ سے پاکستان کی معیشت کو فائدہ ہوگا ،عالمی بینک کے ساتھ شراکت داری کا فیصلہ کیا ہے،آئی ٹی ایکسپورٹس میں بتدریج اضافہ خوش آئند ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قتل و غارت کا بازار گرم کرنے والے پاکستان کے صریحاً دشمن ہیں، بے امنی پھیلانے والے بلوچستان کے بھی خیر خواہ نہیں۔