کراچی ( کامرس رپورٹر)سیکرٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی محترمہ عائشہ حمیرا موریانی نے کمبائنڈ ایفلونٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ ، کورنگی انڈسٹریل ایریا میں640 کلوواٹ سولر انرجی پروجیکٹ اور لیبارٹری کا افتتاح کردیا۔ اس ضمن میں منعقدہ تقریب میں ایم ڈی ، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈطارق علی نظامانی، ایڈشنل ڈائریکٹر جنرل سیپا وقار حسین پھلپھوٹو اور لیدر انڈسٹری کے ممبران بھی شریک ہوئے۔ سیکرٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی محترمہ عائشہ حمیرا موریانی نے پرائیوٹ سیکٹرز ،بالخصوص یونیڈو،جی ای ایف اور انوائرنمینٹل سوسائٹی کی لیدر انڈسٹری کے شعبے کی ترقی کیلئے ان کی کوششوں کو سراہا اور کاربن کے اخراج کو کم کرنے کی کوششوں پر زور دیتے ہوئے COP29 سے پاکستان کے وعدوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے سولر سسٹم کے لئے یونیڈو،جی ای ایف کے تعاون کے ساتھ ساتھ کورنگی میں صفائی کے کاموں کے لئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے اقدامات کی تعریف کی۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر اور صدر ، پی ٹی اے (ایس زیڈ) انوائرنمینٹل سوسائٹی گلزار فیروز نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ اس اہم پراجیکٹ کو یونیڈو، جی ای ایف کے فنڈز سے مکمل کیا گیا،پلانٹ کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے 640 کلوواٹ کا سولر انرجی سسٹم کامیابی سے نصب کیا گیا ہے۔