ملک کا اقتدار اللہ کے باغی بندوں کے ہاتھوں میں ہے،جاوید قصوری

83

لاہور (وقائع نگارخصوصی ) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے منصورہ میں تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تحریک اسلام کے غلبے کی تحریک ہے 75افراد کا یہ قافلہ آج کروڑوں افراد کا قافلہ بن چکا ہے۔ ہمیں اپنے پیغام کو ہر گھر میں پہنچانا ہے۔ دعوت کے میدان میں آگے بڑھیں گے اور اس تحریک کو طاقت ور بنائیں گے۔ دین کے تقاضے اس وقت پورے نہیں ہونگے جب سارے ضابطے پورے نہیں کئے جائیں گے۔ اسلام ایک مکمل نظام ہے، اگر یہ قائم نہیں ہو گا تو اس کی برکات حاصل نہیں ہونگی۔ آج ہمارے ملک کا نظام جن لوگوں کے ہاتھوں میں ہے وہ اللہ کے باغی بندے ہیں۔ ہمیں یہ اقتدار اور اختیار ان سے حاصل کرکے اللہ کے نیک بندوں کو دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اغیار کی غلامی میں دینے والے حکمران خود کو قوم کے سامنے جوابدہ نہیں سمجھتے۔ ان کی وجہ سے آج پاکستان کی معیشت برباد ہو چکی ہے۔حکمرانوں کی عیاشیاں ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ اللہ کے کے نظام کے لئے ہم متحد ہوں۔ جماعت اسلامی دین حق کے غلبے کے لئے جدوجہد کر رہی ہے۔اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے ملک کے اندر صرف اور صرف اللہ کا دین ہی کامیاب ہو سکتا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک غربت اور جہالت میں ڈوبا ہوا ہے لیکن ہماری سول اور غیر سول افسرشاہی اپنے ٹھاٹھ باٹھ چھوڑنے تیار نہیں ہے۔ملٹی نیشنل کمپنیاں خون نچوڑ رہی ہیں۔ جو حکومت آتی ہے وہ پروٹوکول اور اپنی مراعات کے حصول میں کمی تو کرتی نہیں بلکہ الٹا ملک کو مزید قرضوں کے بوجھ تلے دبا دیتی ہے۔ معیشت زبوں حالی کا شکار اور عوام کی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ پی ڈی ایم ٹو کی حکومت اندازوں سے بھی زیادہ خراب کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔