قال اللہ تعالیٰ وقال رسول اللہ ﷺ

116

اور جنہوں نے فسق اختیار کیا ہے اْن کا ٹھکانا دوزخ ہے جب کبھی وہ اس سے نکلنا چاہیں گے اسی میں دھکیل دیے جائیں گے اور ان سے کہا جائے گا کہ چکھو اب اْسی آگ کے عذاب کا مزا جس کو تم جھٹلایا کرتے تھے۔ اْس بڑے عذاب سے پہلے ہم اِسی دنیا میں (کسی نہ کسی چھوٹے) عذاب کا مزا اِنہیں چکھاتے رہیں گے، شاید کہ یہ (اپنی باغیانہ روش سے) باز آ جائیں۔ اور اْس سے بڑا ظالم کون ہو گا جسے اس کے رب کی آیات کے ذریعہ سے نصیحت کی جائے اور پھر وہ ان سے منہ پھیر لے ایسے مجرموں سے تو ہم انتقام لے کر رہیں گے۔ (سورۃ السجدۃ:20تا22)

ابوبرزہ اسلمی راوی ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: تم مسلمانوں کی غیبت نہ کیا کرو اور نہ ان کے پوشیدہ عیبوں کے پیچھے پڑا کرو کیوںکہ جو کسی کی عزت کے پیچھے پڑ جاتا ہے تو اللہ اس کی عزت کے پیچھے پڑ جاتا ہے اور جس کی عزت کے پیچھے اللہ پڑجائے تو وہ اس کو گھر میں رسوا کر دیتا ہے۔ (ابوداؤد) ٭ سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے بیان کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا میری امت کے ستر ہزار لوگ بے حساب جنت میں جائیں گے۔ یہ وہ لوگ ہوں گے جو جھاڑ پھونک نہیں کراتے نہ شگون لیتے ہیں اور اپنے ربّ ہی پر بھروسا رکھتے ہیں۔ (صحیح بخاری)