خاندانی نظام کا تحفظ اسلام کے سوا کسی نظام میں نہیں،نجیب حنفی

54

کراچی ( پ ر)حلقہ خواتین جماعت اسلامی ضلع شمالی میں مدرسات کے لیے قرآن فہمی کورس کے سلسلے میں الامام انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر ،وی شائن رسالہ کے چیف ایڈیٹر نجیب احمد حنفی نے مثالی خاندان کے موضوع پر ورکشاپ لیتے ہوئے کہا کہ خاندانی نظام کا تحفظ اسلام کے سوا دنیا کے کسی نظام میں نہیں، فطرت سے قریب تر قوانین و ضابطے مثالی گھرانے کی بنیادی خصوصیات ہیں۔ اللہ اور رسولؐ سے محبت ،دوسروں کا خیال،صبر و شکر، اللہ کے دین کے غلبے کے لیے خود کو اور اپنی نسل کو تیار کرنا اسلامی گھرانے کے خدو خال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغربی معاشرہ خاندانی نظام کی ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے خواتین کے استحصال‘ نفسیاتی امراض کی کثرت ‘ہم جنس پرستی اور بچوں میں بڑھتے ہوئے تشدد کے مسائل سے دوچار ہے جب کہ صرف اسلام ہی خاندان کا وہ نظام دیتا ہے جو فرد اور معاشرے کی فلاح کی ضمانت دیتا ہے اور ہم حضرت فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنہا کے گھرانے کو رول ماڈل بنا کر بہترین مثالی گھرانہ تشکیل دے سکتے ہیں۔ ویٹ کی رہنما، اقبال النساء نے درس قرآن کی تیاری کے نکات میں کہا کہ سادہ اور آسان زبان میں مخاطب ہوں،احادیث اور روزمرہ مثالوں سے قرآنی آیات کی وضاحت پیش کریں۔نائب معتمدہ ضلع شمالی تنویر آمنہ نے کہا کہ مدرسات کا سب سے اہم رول یہ ہے کہ وہ سامعات کو قرآنی آیات کا وہ مفہوم دیں جس سے وہ دور جدید میں اسلامی قوانین پر فخر سے عمل پیرا ہوسکیں۔