ٹوکیو (انٹرنیشنل ڈیسک) جاپان کے وزیر خارجہ اِیوایا تاکیشی اور ان کے بھارتی ہم منصب سبرامنیم جے شنکر نے نئی امریکی انتظامیہ کے آغاز سے قبل تعاون کی اہمیت کا اعادہ کیا ۔ دونوں ممالک کے عہدے داروں نے واشنگٹن میں ہونے والی ملاقات میں کواڈ فریم ورک کے تحت امریکا اور آسٹریلیا کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کے لیے امریکا میں موجود وزرائے خارجہ کا کہنا تھا کہ مشترکہ بنیادی اقدار کے حامل دونوں ممالک پر بین الاقوامی معاشرے کے امن اور خوشحالی کے لیے ایک بڑی ذمے داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بھی تعاون پر اتفاق کیا۔