خیبرپختونخوا: نگراں دور میں بھرتی سرکاری ملازمین کو ہٹانے کیلئے قانون تیار

89

پشاور:صوبائی حکومت نے  خیبرپختونخوا میں نگراں دور میں بھرتی سرکاری ملازمین کو ہٹانے کیلئے قانون تیار کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ   خیبرپختونخوا ملازمین کو سروسز سے ہٹانے کا بل 2025 جلد اسمبلی سے پاس کرایا جائے گا،مسودے کے مطابق بل کے تحت نگراں حکومت کے دوران بھرتی ملازمین کو نوکری سے ہٹانا ہے، نگراں حکومت کے دوران غیر قانونی طور پر بھرتیاں کی گئی تھیں۔

اس حوالے سے متعلقہ ادارے بل پاس ہونے پر نوٹیفکیشن جاری کریں گے، نوٹیفکیشن کے تحت غیرقانونی بھرتی ہونے والے ملازمین کو ہٹایا جائے گا، کوئی قانونی پیچیدگی آڑے آئی تو کمیٹی میں جائزہ لیا جائے گا۔

مسودہ کے مطابق سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کی سربراہی میں 6 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی، کمیٹی میں ایڈووکیٹ جنرل سمیت محکمہ خزانہ، انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے سیکرٹری شامل ہونگے، کمیٹی کا فیصلہ تمام متعلقہ افراد پر لاگو ہوگا۔ خیال رہےکہ رپورٹ کے مطابق  خیبر پختونخواہ میں نگراں دور حکومت کے دوران متعدد محکموں میں غیر قانونی 16 ہزار بھرتیاں ہوئی ہیں۔