کراچی میں کورونا پھیلنے کی خبر غلط ہے: وزیر صحت سندھ

121

وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ کراچی میں کورونا پھیلنے کی خبر غلط ہے۔

وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ دنیا بھر میں اب کورونا کو فلو کی طرح ہی ٹریٹ کیا جاتا ہے،کراچی میں کورونا پھیلنے کی خبر غلط ہے۔

 وزیرِ صحت سندھ نے بتایا کہ 100 افراد کے کورونا ٹیسٹ ہوئے، جن میں 7 میں کورونا مثبت آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا سے کوویڈ کی وبا ختم ہو چکی ہے ،کورونا سے متاثرہ افراد میں فلو کی علامات بہت معمولی تھیں، کورونا میں مبتلا افراد کو ہلکی علامات کے سبب گھر بھیج دیا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ موسمی فلو اور انفلوئنزا میں مبتلا لوگوں کا احتیاطاً کورونا ٹیسٹ کروایا گیا تھا ،کورونا اب موسمی فلو کی طرح ہے اس سے گھبرانے کی قطعاً ضرورت نہیں۔