آسٹریلوی براڈ کاسٹر نے ٹینس اسٹار جوکووچ سے معافی مانگ لی

115

آسٹریلیا کے معروف براڈ کاسٹر ٹونی جونز نے سربیا سے تعلق رکھنے والے ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ سے معافی مانگ لی ہے۔

ٹونی جونز کے اہانت آمیز ریمارکس پر ناراض ہوکر جوکووچ نے میلبورن میں آسٹریلین اوپن کے چوتھے میچ کے بعد اُنہیں انٹرویو دینے سے انکار کردیا تھا۔

ٹونی جونز نے جوکووچ سے آن ایئر معافی مانگی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ میں نے جوکووچ اور اُن کے (ہم وطن) پرستاروں کے بارے میں جو ریمارکس دیے تھے وہ اگرچہ بُری نیت کے تحت نہیں دیے گئے تھے تاہم بعد میں غور کرنے پر مجھے اندازہ ہوا کہ میں نے واقعی ایسے الفاظ استعمال کیے تھے جن کا بُرا تو جوکووچ اور اُن کے پرستاروں کو ماننا ہی تھا۔

جوکووچ نے ٹونی جونز کے ریمارکس کو توہین آمیز اور اشتعال انگیز قرار دیا تھا۔ چوبیس بار گرینڈ سلیم چیمپین رہنے والے نوواک جوکووچ نے معمول کے آن کورٹ انٹرویو سے گریز کیا تھا۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے ٹونی جونز سے آن لائن معافی کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ ٹونی جونز کا تعلق آسٹریلیا کے مشہورِ زمانہ چینل نائن سے ہے۔

ٹونی جونز نے میچ کے بعد کورٹ کے باہر نوواک جوکووچ کو بھولی ہوئی داستان قرار دیا تھا۔ اُن کا کہنا تھا کہ جوکووچ اب گزرے ہوئے زمانے کی داستان سے زیادہ کچھ نہیں۔