سعودی عرب کے ساحلی شہرجدہ میں پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ کرکٹ آل راؤنڈر اورقومی ٹیم کے سابق کپتان بوم بوم آفریدی، قونصل جنرل پاکستان خالد مجید، ڈپٹی قونصل جنرل عدنان جاوید اور اسکول کے پرنسپل عدنان ناصر کے ساتھ طلباء و طالبات سے ملنے اسکول کے شہید بےنظیربھٹو میموریل آڈیوٹوریم پہنچے توان کا زبردست استقبال ہوا، ہال تالیوں سے گونج اٹھا اور شرکاء نے ویلکم ویلکم کے نعرے بلند کئے۔ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے قونصل جنرل خالد مجید، اسکول پرنسپل عدنان ناصر، طلباء طالبات اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سکول کے طلبا اور طالبات سے اپنی کرکٹ کی حوالے سے واقعات بتاتے ہوئے کہا کہ اان کے والدین چاہتے تھے کہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کروں لیکن میرا خواب کرکٹر بننے کا تھا جسکے لئے مجھے کرکٹ کھیلنے کا شوق تھا اور میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم میں شامل ہوکرکھیلنا چاہتا تھا۔ میں نے اپنے اس خواب کی تکمیل کے لئے خوب محنت کی اور اس کے ساتھ اپنے والدین کی ڈانٹ اور مار بھی کھائی۔ شاہد آفریدی نے طلباء طالبات کوپاکستان کَا امیج بلند رکھنے کا مشورہ دیا، انہوں نے سکول کے بوائز اور گرلزکرکٹ ٹیم کے ساتھ اسکول کے گراؤنڈ میں کرکٹ بھی کھیلی اور ان کو مشورے بھی دئیے۔ تقریب میں طلباو طالبات اور اساتذہ نے گہرے جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ بعد ازاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے شاھد آفریدی نے چیمپئن ٹرافی میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونے والے میچوں کو دبئی میں کروانے کو بہتر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دبئی کے گراؤنڈ ہمارے کھلاڑیوں کے لئے مانوس ہیں۔ ہم وہاں بہت کرکٹ کھیل چکے ہیں۔ طلباء سے بات چیت کے بعد کرکٹ کوچنگ سیشن ہوا جہاں نوجوان کرکٹرز نے اپنے قومی ہیرو سے بیٹنگ اور بولنگ کی تکنیک اورکھیل کے مشورے سیکھے۔ انہوں نے وکٹ کیپررضوان کو ایک بہترین کپتان قرار دیا۔ ایک سوال کے جواب میں شاہد افریدی نے کہا کہ ہماری ون ڈے کی ٹیم بہت اچھی ہے لیکن ٹسٹ ٹیم میں کچھ کمزوریاں ہیں۔ تقریب میں پاکستان انٹرنیشنل اسکول عزیزیہ کے طلباء نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں پرنسپل عدنان ناصر نے شاہد آفریدی یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔