نادرا کی جانب سے کراچی، حیدرآباد، اور میرپورخاص میں بائیکر سروس کا آغاز یقینا ایک خوش آئند اقدام ہے۔ یہ سہولت شہریوں کو طویل قطاروں اور دفاتر کے چکر لگانے سے نجات دلائے گی، خاص طور پر ان افراد کے لیے جو وقت کی قلت یا جسمانی معذوری کی وجہ سے مشکل میں ہوتے ہیں۔ سروس کے ذریعے شناختی کارڈ کے اجرا اور تجدید جیسے اہم امور گھر بیٹھے انجام دینا ممکن ہوگا، جو ایک اچھا اور بہتر عمل ہے تاہم اس میں جو اضافی ہزار روپے فیس رکھی گئی ہے اس کو کم کرنے کی ضرورت ہے اور اس اقدام کے ساتھ ہی نادرا کے موجودہ مسائل نظر انداز نہیں کیے جا سکتے۔ میگا سینٹرز اور دیگر دفاتر میں شہریوں کو بدستور غیر ضروری مشکلات، عملے کی کمی، اور بدانتظامی کا سامنا ہے۔ دفاتر میں عوام کا رش اور طویل انتظار کا مسئلہ حل کرنے کے لیے مزید جامع اصلاحات کی ضرورت ہے۔